فلکیات کے شوقین افراد کے لیے آج یادگار رات

فلکیات میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے آج ایک منفرد اور دیدہ زیب منظر دیکھنے کا موقع ہوگا، جب سیارہ مشتری زمین کے نسبتاً قریب ترین فاصلے پر پہنچ جائے گا۔ پاکستان میں یہ فلکی منظر شام 6 بج کر 34 منٹ کے بعد واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق مشتری غروبِ آفتاب کے فوراً بعد آسمان پر نمودار ہوگا اور رات بھر نمایاں رہے گا۔ زمین کے قریب ہونے کے باعث یہ سیارہ عام دنوں کی نسبت زیادہ بڑا اور نہایت روشن دکھائی دے گا، جس کی وجہ سے یہ آسمان کا سب سے چمکدار منظر بن جائے گا۔
فلکی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت مشتری برجِ جوزا میں موجود ہوگا اور اسے کھلی آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے اس کے مناظر مزید واضح اور دلکش ہو جائیں گے۔
یہ فلکی منظر طلبہ، شوقیہ ماہرینِ فلکیات اور عام شہریوں کے لیے یکساں طور پر دلچسپی کا باعث ہوگا۔ ماہرین کے مطابق ایسا شاندار موقع دوبارہ اگلے سال ہی میسر آئے گا۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بہتر مشاہدے کے لیے شہر کی روشنی سے دور کھلی اور صاف جگہ کا انتخاب کریں تاکہ اس حسین فلکی منظر سے بھرپور لطف اٹھایا جا سکے۔









