پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ، میزائل تجربہ کامیاب

0
74
پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ، میزائل تجربہ کامیاب

پاکستان نیوی نے زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق اس آزمائش کے دوران ایل وائی 80 میزائل نے طویل فاصلے پر موجود فضائی ہدف کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس تجربے کا مقصد پاک بحریہ کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا، جو کامیابی سے حاصل کر لیا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کی جانب یہ ایک اہم پیش رفت ہے، جو عسکری قیادت کی مؤثر حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔
محسن نقوی کے مطابق زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب آزمائش دفاعی شعبے میں ایک نمایاں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا ثبوت ہے۔

Leave a reply