پشاور میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان

0
143
پشاور میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان

پشاور میں ٹریفک کے مسائل میں کمی اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے متعدد عملی اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ ریاض خان محسود کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شہر کی ٹریفک صورتحال اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں چلنے والی تمام نجی ٹیکسی سروسز کی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ رجسٹرڈ ٹیکسیوں کو مخصوص رنگ سکیم اور کیو آر کوڈ اسٹیکر فراہم کیا جائے گا، جبکہ بغیر رجسٹریشن گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف جرمانے اور ضبطی سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ نے 100 سے زائد غیر قانونی ٹرانسپورٹ آپریشنز، جن میں غیر رجسٹرڈ رکشے اور غیر مجاز اسپیڈ اسٹیشنز شامل ہیں، فوری بند کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ خلاف ورزی کے مرتکب کنٹریکٹرز کے خلاف گرفتاری کی کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لیے چار سدہ اور کوہاٹ روڈ پر غیر ضروری یوٹرنز ختم کرنے اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک جام کا سبب بننے والے بعض بی آر ٹی اسٹیشنز کو کھلے اور موزوں مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں بی آر ٹی کوریڈور پر غیر قانونی رکشوں، قنگیز اور لوڈر گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔
مزید اقدامات کے تحت ٹرک، ٹریکٹر ٹرالی اور دیگر مال بردار گاڑیوں کے رات 10 بجے سے پہلے شہر کی اہم سڑکوں پر داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو سڑک کنارے قائم چیک پوسٹیں کھلے مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات پشاور میں ایک منظم، محفوظ اور مؤثر ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔

Leave a reply