خود کو ’نوح‘ کہنے والے شخص کی پیشگوئی غلط ثابت

0
105
خود کو ’نوح‘ کہنے والے شخص کی پیشگوئی غلط ثابت

افریقی ملک گھانا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے، جو خود کو ’نوح‘ قرار دیتا ہے، اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ 25 دسمبر کو دنیا ایک بڑے سیلاب کے باعث تباہ ہو جائے گی، تاہم مقررہ دن پر ایسا کچھ نہ ہوا اور اس کی پیشگوئی غلط ثابت ہوگئی۔
اب مذکورہ شخص کا کہنا ہے کہ اجتماعی دعاؤں کے نتیجے میں خدا نے اس ممکنہ آفت کو مؤخر کر دیا ہے۔ اس دعوے کے مطابق نئی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے تیار کی گئی کشتیوں کو مزید وسیع کیا جائے گا اور اضافی کشتیاں بھی تعمیر کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو محفوظ کیا جا سکے۔
یہ بیان ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے سامنے آیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ویڈیوز میں بڑی تعداد میں لوگوں کو ایک مخصوص مقام کی جانب جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں مبینہ طور پر کشتیاں موجود ہیں۔
اس شخص نے پہلے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ اسے خدائی ہدایت ملی ہے کہ وہ لوگوں کو بچانے کے لیے لکڑی کی بڑی کشتیاں تیار کرے، جس کے لیے اس کے پیروکاروں سے مالی تعاون بھی طلب کیا گیا تھا۔
اسی دوران ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں مذکورہ شخص کو ایک مہنگی گاڑی سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد عوامی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان دعوؤں کو مشکوک قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے دعوے ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں جو بعد میں بے بنیاد ثابت ہوئے۔

Leave a reply