کراچی میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر عارضی پابندی

کراچی میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے دن کے اوقات میں ڈمپروں اور ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کو صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی ابتدائی طور پر دو ماہ کے لیے نافذ کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت ہیوی گاڑیوں کو مخصوص راستوں پر آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے۔ ہیوی ٹریفک سپر ہائی وے کے ذریعے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا جا سکے گی۔
اسی طرح نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی، یونس چورنگی اور داؤد چورنگی سے ہوتے ہوئے جام صادق پل تک ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔
مزید برآں، نادرن بائی پاس سے پراچہ چوک، سیمنز چورنگی، گلبائی، ماڑی پور سے کراچی پورٹ اور لنک روڈ کاٹھور سے سسی ٹول پلازہ تک ہیوی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہری علاقوں میں ٹریفک روانی کو بہتر بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔









