ٹریفک پولیس کا خوفناک ریکارڈ، شہری کے لیے 24 لاکھ روپے کے چالانز

لاہور میں موٹرسائیکلیں قسطوں پر دینے والے تاجر صادق خان کے لیے غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جب انہیں اپنے نام رجسٹرڈ 500 موٹرسائیکلوں پر 23 لاکھ 88 ہزار 700 روپے سے زائد کے ای چالان موصول ہوئے۔
صادق خان کی گڑھی شاہو میں موٹرسائیکلیں قسطوں پر فراہم کرنے کی دکان ہے اور وہ پچھلے 15 سال سے یہ کاروبار کر رہے ہیں۔ سیف سٹی کی جانب سے بھیجے گئے ای چالانز نے ان کے لیے تشویش پیدا کر دی ہے، کیونکہ مجموعی طور پر ان کی موٹرسائیکلوں پر 2 ہزار 71 چالانز پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں۔
واقعے کے مطابق، کیمپس پل پر وارڈن نے ایک موٹرسائیکل روکی جو صادق خان کے نام رجسٹرڈ تھی، اور اس پر 12 ہزار روپے کے چالان تھے۔ مزید جانچ پر وارڈن نے پایا کہ صادق خان کے نام مجموعی طور پر 23 لاکھ روپے سے زائد کے چالانز موجود ہیں۔
صادق خان نے بتایا کہ کئی خریداروں نے موٹرسائیکل کی قسطیں مکمل کرنے کے باوجود گاڑیوں کو اپنے نام منتقل نہیں کروایا، جس کی وجہ سے یہ بھاری چالانز ان کے نام جمع ہو گئے۔ ٹریفک پولیس نے تاجر کو چند روز کی مہلت دی ہے تاکہ چالانز کی کلیئرنس کروا لی جائے، بصورت دیگر ان کا شناختی کارڈ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔









