سڈنی میں مسلمانوں کے قبرستان کی بے حرمتی، قبروں پر جانور کے اعضا رکھ دیے گئے

0
102
سڈنی میں مسلمانوں کے قبرستان کی بے حرمتی، قبروں پر جانور کے اعضا رکھ دیے گئے

سڈنی: آسٹریلیا کے بونڈی بیچ پر ہونے والے حملے کے بعد سڈنی میں واقع مسلمانوں کے قبرستان پر بھی سنگین حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جنوبی مغربی سڈنی کے ناریلان علاقے میں واقع اس قبرستان میں نامعلوم افراد نے قبروں کی بے حرمتی کی اور ان پر سور کے اعضا رکھ دیے۔

سڈنی پولیس کے مطابق، قبرستان کے دروازے پر جانوروں کی باقیات برآمد ہوئی ہیں، جنہیں ہٹا کر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کی جا سکے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

مقامی مذہبی رہنماؤں نے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات معاشرتی تقسیم اور نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔ سڈنی کے مسلم رہنماؤں نے مزید اعلان کیا ہے کہ وہ حملہ آوروں کی میتیں لینے یا ان کے جنازے میں شریک ہونے سے انکار کر دیں گے۔

یہ واقعہ اُس تشدد کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جو چند روز قبل بونڈی بیچ پر ہوا تھا، جہاں مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کر کے 16 افراد کو ہلاک اور 40 کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق، حملہ بونڈی بیچ پر ایک یہودی تقریب کے دوران ہوا اور دونوں حملہ آور باپ اور بیٹے تھے۔ مزید تحقیقاتی عمل جاری ہے تاکہ حملے کے محرکات اور اس کے نیٹ ورک کا پتہ چلایا جا سکے۔

Leave a reply