بھارت اور افغانستان سے منسلک اکاؤنٹس کا پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا بے نقاب

سڈنی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا سامنے آیا ہے، جس میں ایک پاکستانی نوجوان کو بلاجواز نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت اور افغانستان سے منسلک بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے سڈنی میں فائرنگ کے واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی اور سڈنی میں مقیم پاکستانی نوجوان نوید اکرم کو مبینہ طور پر حملہ آور قرار دیا گیا۔
نوید اکرم نے اس الزام کے ردِعمل میں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کسی بھی پرتشدد یا دہشت گرد واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تصاویر اور نام کو غلط طور پر استعمال کرکے جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔
نوید اکرم کے مطابق اس بے بنیاد مہم سے نہ صرف ان کی ذاتی سلامتی کو خطرات لاحق ہوئے ہیں بلکہ ان کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ اس قسم کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو روکا جائے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے میں فائرنگ کا ایک واقعہ رپورٹ ہوا تھا، جس میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں۔









