
پشاور میں واقع سب سے بڑے بچوں کے اسپتال، خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن اسپتال، کی تعمیر 13 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی بروقت فراہمی میں تاخیر کے سبب یہ منصوبہ طویل عرصے سے تعطل کا شکار رہا۔ صوبائی حکومت نے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپتال کے لیے 2 ارب 13 کروڑ روپے کی عبوری مالی معاونت (برج فنانسنگ) کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سال منصوبے کے لیے 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے ڈائریکٹر نے لاگت میں اضافے اور مزید تاخیر سے بچنے کے لیے صوبائی حکومت سے فنڈز کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔ یہ منصوبہ 13 سال قبل پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا تھا۔
وزیر صحت خیبرپختونخوا خلیق الزمان نے تصدیق کی کہ وفاق کی جانب سے فنڈز کی تاخیر کے سبب صوبائی کابینہ نے برج فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔ ان کے مطابق وفاق کی جانب سے ملنے والے 2 ارب 13 کروڑ روپے بعد میں واپس ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔









