چوہدری اسلم کی بیوہ کا بالی وڈ فلم ’دھریندر‘ پر شدید ردِعمل، قانونی کارروائی پر غور

0
83
چوہدری اسلم کی بیوہ کا بالی وڈ فلم ’دھریندر‘ پر شدید ردِعمل، قانونی کارروائی پر غور

سندھ پولیس کے شہید بہادر افسر چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے بھارتی فلم دھریندر کے ٹریلر پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں۔

نورین اسلم کے مطابق فلم کے ٹریلر میں چوہدری اسلم سے متعلق ایک ایسا ڈائیلاگ شامل کیا گیا ہے جسے وہ ان کی والدہ کی توہین کے مترادف سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریلر میں ادا کیا گیا جملہ نہ صرف حقائق کے خلاف ہے بلکہ خاندان کی عزت نفس کو بھی مجروح کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر فلم میں ان کے شوہر کی شخصیت کو متنازع انداز میں پیش کرنے یا کردار کشی کی کوشش کی گئی تو وہ بطور وارث اپنی قانونی ذمہ داری پوری کریں گی۔

فلم میں پاکستانی کرداروں، خصوصاً چوہدری اسلم اور رحمان ڈکیت کی مبینہ غلط عکاسی پر بات کرتے ہوئے نورین اسلم کا کہنا تھا کہ بھارتی مصنفین ماضی میں بھی پاکستان کو منفی انداز میں پیش کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحمان ڈکیت کو فلم میں اصل حالات سے بڑھا چڑھا کر دکھایا گیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ چوہدری اسلم نے اس سے بھی زیادہ سنگین نوعیت کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔

ٹی ٹی پی سے متعلق فلم کے ممکنہ مناظر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اصل واقعات سب کے سامنے موجود ہیں، اور چوہدری اسلم کی بہادری کے متعدد ثبوت آج بھی عوامی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

ایک علیحدہ گفتگو میں نورین اسلم نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ وہ اور چوہدری اسلم رشتہ داری میں تھے۔ ابتدا میں شادی پر رضامند نہ ہونے کے باوجود بعد میں انہوں نے اس فیصلے کو اپنی زندگی کی بہترین حقیقت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دوبارہ زندگی ملے تب بھی وہ چوہدری اسلم ہی کو اپنا شریکِ حیات منتخب کریں گی۔

Leave a reply