
پاک بحریہ کے یادگار دن ’ہنگور ڈے‘ کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 1971 کی جنگ میں پاک بحریہ نے سمندر میں دشمن کے عزائم کے سامنے مضبوط رکاوٹ کا کردار ادا کیا اور آج بھی قومی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے فولادی حصار بنی ہوئی ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ 9 دسمبر 1971 کو آبدوز ہنگور کے بہادر عملے نے غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کی مثال آج بھی دشمن کو یاد ہے۔ ان کے مطابق یہ دن اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان امن کا حامی ہے لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ اپنی شاندار روایات برقرار رکھتے ہوئے آج بھی ملک کے دفاع کے لیے پوری طرح مستعد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب ہنگور کلاس کی آٹھ جدید آبدوزیں فلیٹ کا حصہ بننے جا رہی ہیں، جو بحری قوت میں اہم اضافہ ثابت ہوں گی۔
ہنگور ڈے کے سلسلے میں پاک بحریہ نے اپنی نئی خصوصی دستاویزی فلم ’ہدف‘ بھی جاری کی ہے، جس میں آبدوز ہنگور کی تاریخی کامیابی اور پاکستان کے مضبوط دفاع کو اجاگر کیا گیا ہے۔









