امریکا میں گرفتار شخص افغان شہری نکلا، پاکستانی ہونے کی تردید

اسلام آباد: امریکی شہر ڈیلاویئر میں گرفتار ہونے والے شخص کے پاکستانی ہونے کے دعوے کی تردید کردی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، گرفتار شخص لقمان خان پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہے۔
24 نومبر کو کینبی پارک ویسٹ میں پولیس نے ایک ٹرک روکا، جس میں لقمان خان موجود تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گاڑی سے باہر نکلنے سے انکار کیا اور مزاحمت پر اسے گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران ٹرک سے پستول، میگزین اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کی دستاویزات برآمد ہوئیں۔
دستاویزات میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کا خاکہ، داخلی و خارجی دروازوں کے نشانات اور ایک پولیس افسر کا نام شامل تھا۔ 25 نومبر کو ایف بی آئی نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کر مزید جدید اسلحہ قبضے میں لیا۔
ابتدائی طور پر امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی کا طالب علم ہے، جس نے یونیورسٹی کے پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔









