
یوٹیوب نے ایک نیا فیچر جاری کیا ہے جس کے ذریعے صارفین سال بھر میں دیکھی جانے والی ویڈیوز، پسندیدہ موضوعات اور فالو کیے گئے چینلز کا خلاصہ دیکھ سکیں گے۔ یہ “یوٹیوب ری کیپ” نامی فیچر اسٹوری نما فارمیٹ میں پیش کیا گیا ہے، جس میں 12 الگ الگ کارڈز شامل ہیں۔ ان کارڈز کے ذریعے صارف اپنی سالانہ ویڈیو ہسٹری کا جائزہ بآسانی لے سکتا ہے۔
یہ فیچر یوٹیوب ایپ میں “You” ٹیب کھول کر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں اگر ری کیپ تیار ہو تو اس کا بینر سب سے اوپر نظر آئے گا۔ علاوہ ازیں صارفین youtube.com/recap پر بھی اپنی سالانہ تفصیلات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا ری کیپ تیار ہو چکا ہو۔
اگر کوئی صارف سال کے دوران کم از کم دس گھنٹے یوٹیوب پر موسیقی سنتا ہے تو اس کے لیے خصوصی موسیقی پر مبنی سمریز بھی ری کیپ میں شامل کی جائیں گی۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر ہر خطے میں دستیاب نہیں ہوگا اور نہ ہی یہ بچوں کے اکاؤنٹس پر کام کرے گا۔









