
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 دسمبر کو لندن میں پی ایس ایل کا خصوصی روڈ شو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس تقریب میں عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرزاورکرکٹ شائقین کی بڑی تعدادکی شرکت متوقع ہے۔
روڈ شو کا مقصد پاکستان سپر لیگ کے وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو عالمی سطح پر پیش کرنا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے تیاریاں تیز ہو چکی ہیں اور برطانوی سرمایہ کار ان ٹیموں میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔
تقریب میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی شرکت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق لارڈز میں روڈ شو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر کا مظہر ہے اور اس سے پی ایس ایل کی بین الاقوامی پہچان مزید مضبوط ہوگی۔
دوسری جانب سی ای او ایچ بی ایل پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل نہ صرف عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کر چکی ہے بلکہ مضبوط کمرشل ویلیو بھی رکھتی ہے۔ نئی ٹیموں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر 30 سپر فینز کو خصوصی ایونٹ کا حصہ بننے کا موقع دیا جائے گا، جبکہ ٹکٹوں سے متعلق معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شمار ہوتی ہے۔








