معین خان نے انتقال کی افواہوں کی تردید کردی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر معین خان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی موت کی جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
منگل کی صبح سوشل میڈیا پر ان کے انتقال سے متعلق افواہیں پھیلنے لگیں جس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
اپنے بیان میں معین خان کا کہنا تھا کہ صبح سے ان کے انتقال کی افواہ گردش کر رہی ہے، اور ایسی غلط معلومات پھیلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور خیریت سے ہیں۔
ان کے وضاحتی بیان کے بعد مداحوں اور کرکٹ برادری میں پھیلی تشویش بھی ختم ہو گئی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل حیدرآباد کے مقامی کرکٹر معین خان راجپوت دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے، جس کے باعث ناموں میں مماثلت کے سبب سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیل گئیں۔
سابق کپتان معین خان نے 1990 میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 219 ون ڈے میچز میں 3,266 جبکہ 69 ٹیسٹ میچز میں 2,741 رنز اسکور کیے۔ وہ 2004 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوئے۔









