
پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کرتے ہوئےنئے قوانین نافذ کر دیے ہیں۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سڑکوں پر نظم و ضبط بڑھانے اور حادثات کی شرح کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موٹرسائیکل، کار اور کمرشل گاڑیوں کے جرمانے بڑھا دیے گئے ہیں۔ اب موٹرسائیکل کی عام خلاف ورزی پر کم از کم 2 ہزار روپے، کار پر 3 ہزار روپے اور کمرشل گاڑیوں کے لیے 15 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے لیے بھی سخت جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔ موٹرسائیکل سوار کو 2 ہزار روپے، کار ڈرائیور کو 5 ہزار روپے اور کمرشل گاڑیوں کے لیے 15 ہزار روپے تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
مزید برآں، لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا جرمانہ موٹرسائیکل کے لیے 3 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹرسائیکل یا کار چلانے پر بھی جرمانے عائد ہوں گے۔
حکومت نے نئے آرڈیننس کے تحت ڈرائیونگ لائسنس پر پوائنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت مسلسل خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جا سکے گی۔









