
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی ایک سنگین کوشش اس وقت بے نقاب ہوگئی جب سیکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد دریافت کرلیا۔ فورسز نے فوری طور پر ڈی مائننگ آپریشن شروع کرتے ہوئے متعدد مقامات کو عوام کے لیے محفوظ قرار دے دیا۔
ترجمان کے مطابق خوارج عناصر نے تقریباً 114 مربع کلومیٹر کے رقبے میں بارودی سرنگوں اور دیگر مواد کا وسیع جال بچھا رکھا تھا، جس کا مقصد سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو روکنا اور علاقے میں دہشتگردی پھیلانا تھا۔
آپریشن کے دوران اب تک 82 مربع کلومیٹر علاقہ مکمل طور پر صاف کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ترجمان نے بتایا کہ بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے کا عمل انتہائی حساس اور خطرناک ثابت ہوا، اور اس دوران پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہوگئے جبکہ 115 اہلکار شدید زخمی ہوکر ہاتھ یا پاؤں سے محروم ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے کو دھماکا خیز مواد سے پاک کرنا نہ صرف دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے بلکہ شہریوں کے تحفظ کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ باقی ماندہ علاقوں کو بھی جلد کلیئر کرکے خطے میں مکمل امن یقینی بنایا جائے گا۔









