اڈیالہ جیل میں عمران خان صحت مند، منتقلی کی افواہیں بے بنیاد قرار

0
61
اڈیالہ جیل میں عمران خان صحت مند، منتقلی کی افواہیں بے بنیاد قرار

راولپنڈی: اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں اور جیل میں موجود ہیں۔ جیل حکام نے خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کسی بھی جگہ منتقلی کی افواہیں درست نہیں۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ روز اچانک یہ خبریں وائرل ہوئیں کہ عمران خان کا انتقال ہو گیا ہے، جنہیں جیل حکام نے فوری طور پر مسترد کر دیا۔ کچھ غیر ملکی اور بھارتی میڈیا چینلز نے بھی اس معاملے میں غلط اطلاعات نشر کیں۔

پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا نے ایک ویڈیو بیان میں خدشہ ظاہر کیا کہ عمران خان کو کہیں اور منتقل کیا گیا ہے، تاہم جیل انتظامیہ نے ان خدشات کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔

خیال رہے کہ عمران خان گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ ان کی بہنیں اور بچے جیل میں قید کے دوران ملاقات کی پابندیوں اور تنہائی کے سخت حالات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر چکے ہیں، اگرچہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہفتے میں دو مرتبہ ملاقات کی اجازت دی ہے۔

بدھ کو جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں اور خاندان کی جانب سے احتجاج بھی ہوا، جس کے بعد علیمہ خان کو عارضی عدالتی تحویل کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ بعد ازاں جیل حکام نے ملاقات کا بندوبست کرنے کی یقین دہانی کرائی، اور احتجاج ختم کر دیا گیا۔

نجی ٹی وی رپورٹس کے مطابق، جیل انتظامیہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی کہا کہ عمران خان کو جیل میں سابقہ دور کے مقابلے میں بہتر سہولیات دی گئی ہیں، جس میں ٹی وی، ورزش کا سامان، ڈبل بیڈ اور اعلیٰ معیار کے کھانے شامل ہیں۔

Leave a reply