غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری، امدادی ادارے کا آپریشن معطل

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے ایک اور کارروائی میں چار فلسطینیوں کوشہیدکر دیا، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق اسرائیل 10 اکتوبر کے امن معاہدے کے بعد اب تک سیکڑوں بار فائر بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے، جن واقعات میں تین سو سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے اُنروا نے علاقے کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے نوّے فیصد سے زیادہ باشندے روزمرہ ضروریات کے لیے امداد پر انحصار کر رہے ہیں، جبکہ اکثر افراد کو پورے دن میں صرف ایک بار کھانا میسر آتا ہے۔
اسی دوران امریکہ کی حمایت یافتہ امدادی تنظیم غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں اپنا آپریشن عارضی طور پر روک رہی ہے۔ تنظیم کے مراکز کے قریب ماضی میں امداد کی تقسیم کے دوران اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں فلسطینی شہیدہوچکے ہیں۔









