
یوٹیوب نے اپنی موبائل ایپ میں محدود صارفین کے لیے ایک نیا پرائیویٹ میسجنگ فیچر آزمانا شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے وہ براہِ راست ویڈیوز، شارٹس اور لائیو اسٹریمز شیئر کر سکیں گے۔
نیا فیچر صارفین کو فل اسکرین میسجنگ ونڈو فراہم کرتا ہے، جہاں وہ پرائیویٹ گفتگو یا گروپ چیٹ شروع کر سکتے ہیں۔ صارفین اس کے ذریعے ٹیکسٹ، ایموجیز اور ویڈیوز کے ذریعے جواب دینےکی سہولت بھی حاصل کرینگے۔
فی الحال یہ تجرباتی فیچر آئرلینڈ اور پولینڈ میں 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ یوٹیوب کے مطابق یہ قدم صارفین کی اس درخواست کا جواب ہے کہ وہ ایپ کے اندر ہی ویڈیوز شیئر کر سکیں، نہ کہ دیگر پلیٹ فارمز جیسے واٹس ایپ، ای میل یا سوشل میڈیا کا سہارا لینا پڑے۔
چیٹ شروع کرنے کے لیے پہلے انوائٹ بھیجنا ضروری ہوگا، اور صارفین پیغامات واپس لینے، بلاک کرنے اور چیٹس رپورٹ کرنے کے اختیارات بھی رکھیں گے۔ یوٹیوب نے کہا ہے کہ میسجز کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کو روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ یوٹیوب نے 2019 میں ایک پرائیویٹ میسجنگ فیچر ختم کر دیا تھا، لیکن اس بار سیکیورٹی اور پرائیویسی اقدامات مزید مضبوط کر دیے گئے ہیں۔









