الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر کارروائی کا عندیہ دے دیا

0
98
الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر کارروائی کا عندیہ دے دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حویلیاں جلسے میں کی گئی حالیہ تقریر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے پر غور کے لیے اجلاس طلب کر لیا ہے۔ مانیٹرنگ رپورٹ میں وزیراعلیٰ کا بیان ضابطۂ اخلاق کی ممکنہ خلاف ورزی قرار دیا گیا، جس کے بعد کمیشن نے متعلقہ حکام کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس آج صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا، جس میں قانونی نکات کا جائزہ لینے کے ساتھ یہ طے کیا جائے گا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف کون سی کارروائی مناسب ہوگی۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سہیل آفریدی نے ضمنی انتخابات کے دوران ڈیوٹی پر موجود سرکاری اہلکاروں اور پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ اگر پولنگ کے دن کسی قسم کی بے ضابطگی سامنے آئی تو وہ متعلقہ افسران کو “اسی رات عہدوں سے ہٹا دیں گے۔”

اپنی تقریر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ 23 نومبر کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار عمر ایوب کی اہلیہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی۔

ادھر وزیراعلیٰ کے ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کے بیان کو غلط معنی پہنائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کا مقصد کسی شخص کو دھمکانا نہیں تھا بلکہ قانون کی عمل داری یقینی بنانے پر زور دینا تھا۔ ترجمان نے اسے سیاسی تنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی عمل کو یقینی بنائے گی۔

Leave a reply