مدینہ بس حادثے کا واحد زندہ بچ جانے والا نوجوان اسپتال میں داخل

مدینہ منورہ میں پیش آنے والے دلخراش بس حادثے میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 45 عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے، جبکہ 24 سالہ نوجوان محمد عبدالشعیب اس خوفناک حادثے میں بال بال بچ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت بس میں سوار 46 مسافروں میں سے صرف محمد عبدالشعیب زندہ بچنے میں کامیاب ہوئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ عبدالشعیب ڈرائیور کے قریب بیٹھے ہوئے تھے اور انہوں نے فوراً بس کی کھڑکی سے باہر چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی۔ بدقسمتی سے دیگر مسافروں کو یہ موقع میسر نہ آیا اور بس میں سوار دیگر افراد حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محمد عبدالشعیب کو فوری طور پر سعودی عرب کے اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔ عبدالشعیب کے رشتہ دار محمد تحسین نے بتایا کہ عبدالشعیب اپنے والدین، دادا اور چچا کے ساتھ عمرے کے سفر پر گئے تھے اور اس حادثے میں وہ سب کھو بیٹھے، جبکہ عبدالشعیب خود محفوظ رہے۔
تحسین نے مزید بتایا کہ عبدالشعیب سعودی عرب کی ایک نجی فرم میں ملازم ہیں اور حادثے کے فوری بعد زخمی حالت میں انہوں نے گھر والوں کو اپنے محفوظ رہنے کی اطلاع دی تھی۔









