
مظفرآباد: آزاد کشمیر کے نئے منتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ان سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں گلگت بلتستان کے گورنر مہدی شاہ، خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول قیادت اور عسکری حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم فیصل راٹھور نے حلف برداری کے بعد کہا کہ وہ پیپلز پارٹی قیادت اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام کے ساتھ دوبارہ تعلق مضبوط کرنے کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں 36 ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی، جبکہ مخالفت میں دو ووٹ پڑے۔









