امریکا کا سعودی عرب کو ایف-35 لڑاکا طیارے دینے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا، سعودی عرب کو ایف-35 لڑاکا طیارے فراہم کرے گا۔ اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی امریکا آمد کے موقع پر یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، سعودی عرب امریکا سے 48 جدید جنگی طیارے حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، جن کی مجموعی قیمت اربوں ڈالر بنتی ہے۔ محمد بن سلمان آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کریں گے، جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دفاع، مصنوعی ذہانت، اور شہری نیوکلیئر تعاون پر گفتگو ہونے کی توقع ہے۔ سعودی عرب امریکا سے باضابطہ سیکیورٹی گارنٹی کا خواہاں ہے، جبکہ امریکی صدر اپنے حالیہ دورۂ ریاض میں کیے گئے سعودی سرمایہ کاری کے وعدوں کو عملی شکل دینے پر بھی کام کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے گفتگو میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے جرائم سے متاثرہ شہروں میں فوج تعینات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا، جبکہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔









