کراچی میں ہیوی وہیکلز کے خلاف سب سے بڑا ای چالان جاری

0
138
کراچی میں ہیوی وہیکلز کے خلاف سب سے بڑا ای چالان جاری

کراچی میں ٹریفک پولیس نے ہیوی وہیکلز کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈمپر کے مالک کو اب تک کا سب سے بڑا ای چالان جاری کیا ہے۔

ٹریفک حکام کے مطابق مذکورہ ڈمپر میں نہ ٹریکر نصب تھا اور نہ ہی فٹنس سرٹیفکیٹ موجود تھا، جس پر اسے ایک لاکھ روپے کا ای چالان دیا گیا ہے۔ اگر مقررہ مدت میں جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو یہ رقم دو لاکھ روپے تک پہنچ جائے گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ اب کراچی کی سڑکوں پر صرف وہ ہی ڈمپر اور واٹر ٹینکر چل سکیں گے جن کے ٹریکرز کا مکمل کنٹرول ٹریفک پولیس کے پاس ہوگا۔ وہ ہیوی وہیکلز جن کے ٹریکر تو نصب ہیں مگر کنٹرول پولیس کو فراہم نہیں کیا گیا، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

یہ اقدام رزاق آباد میں پیش آنے والے حادثے کے بعد اٹھایا گیا، جس میں ایک ٹریکر سے محروم ڈمپر کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ ایک وین اور دکان کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے ڈمپر اور واٹر ٹینکر مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ٹریکرز کا کنٹرول پولیس کے حوالے کریں، ورنہ بغیر ٹریکر یا کنٹرول کے گاڑیاں چیکنگ کے دوران ضبط کی جائیں گی۔

Leave a reply