امریکا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

0
129
امریکا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

امریکا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل “منٹ مین تھری” کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ امریکی ائیر فورس گلوبل اسٹرائیک کمانڈ کے مطابق یہ تجربہ کیلیفورنیا کے وینڈن برگ اسپیس فورس بیس سے کیا گیا، جو مکمل طور پر کامیاب رہا۔

تفصیلات کے مطابق میزائل نے تقریباً 4,200 میل کا فاصلہ طے کرتے ہوئے مارشل جزائر میں رونالڈ ریگن بیلسٹک میزائل ڈیفنس ٹیسٹ سائٹ پر اپنے مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ یہ تجربہ جی ٹی-254 کے نام سے امریکا کے معمول کے ٹیسٹ پروگرام کا حصہ تھا، جس کا مقصد طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل نظام کی کارکردگی اور درستگی کا جائزہ لینا ہے۔

حکام کے مطابق فائر کیا گیا میزائل غیر مسلح تھا، اور اس میں ایک ٹیسٹ ری انٹری وہیکل نصب تھا تاکہ پرواز کے دوران مختلف تکنیکی ڈیٹا اکٹھا کیا جا سکے۔

امریکی میڈیا کے مطابق “منٹ مین تھری” امریکا کے جوہری دفاعی نظام کا ایک اہم جزو ہے، جو صرف اس صورت میں استعمال کیا جاتا ہے جب ملک پر کسی دشمن کی جانب سے جوہری حملہ کیا جائے۔

اگرچہ یہ تجربہ پہلے سے طے شدہ معمول کا حصہ تھا، تاہم اس نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے کیونکہ حال ہی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔

Leave a reply