لاہور میں اسموگ کی شدت: موٹربائیک سواروں کےلیے ماسک پہننا لازمی قرار

لاہور: پنجاب حکومت نے بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث موٹربائیک سواروں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو اسموگ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں سے آنے والی ہوائیں، جن میں دہلی، چندی گڑھ، لدھیانہ اور پٹیالہ شامل ہیں، پنجاب کے کئی علاقوں میں فضائی معیار کو متاثر کر رہی ہیں۔ لاہور کے علاوہ ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر بھی اس آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔
انتظامیہ نے تعمیراتی مقامات پر گرد و غبار کو روکنے کے اقدامات کرنے، سامان لانے والی گاڑیوں کو ڈھانپنے، اور عام شہریوں کو گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی شہریوں کو گاڑیوں کے شیشے بند رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
دوپہر کے وقت، خاص طور پر ایک بجے سے پانچ بجے تک، ہوا میں معمولی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔
فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور سمیت دیگر شہروں میں پانی کے چھڑکاؤ اور اینٹی اسموگ گنز کا استعمال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسموگ سے بچاؤ میں ہر شہری کا کردار اہم ہے اور اجتماعی کوششوں سے ہی بہتری ممکن ہے۔









