امریکا چین کے وقت کے نظام کو ہدف بنا رہا ہے، بیجنگ کا الزام

0
110
امریکا چین کے وقت کے نظام کو ہدف بنا رہا ہے، بیجنگ کا الزام

بیجنگ: چین نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے چین کے نیشنل ٹائم سروس سینٹر پر سائبر حملے کیے ہیں، جن کا مقصد مواصلاتی نظام، مالیاتی ڈھانچے اور توانائی کے نیٹ ورکس میں خلل ڈالنا تھا۔

چینی وزارتِ ریاستی سلامتی کے مطابق، یہ حملے امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے کئی سالوں سے جاری تھے، اور ان میں سینٹر کے عملے کے موبائل ڈیوائسز اور نیٹ ورک سسٹمز کو ہدف بنایا گیا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ 2022 میں ایک غیر ملکی اسمارٹ فون برانڈ کی میسجنگ سروس میں کمزوری کا فائدہ اٹھا کر حساس معلومات تک رسائی حاصل کی گئی، تاہم برانڈ کا نام نہیں بتایا گیا۔

وزارت کے مطابق 2023 اور 2024 میں بھی سینٹر کے نیٹ ورک پر حملوں کی کوشش کی گئی، جن کا مقصد ہائی پریسیژن گراؤنڈ بیسڈ ٹائمنگ سسٹم کو متاثر کرنا تھا۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے نیشنل ٹائم سینٹر کی حساس معلومات اور آپریشنز کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔ یہ ادارہ چین کا معیاری وقت ترتیب دینے اور نشر کرنے کا ذمہ دار ہے۔

یہ الزامات ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں جب چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور تکنیکی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حال ہی میں چین نے نایاب معدنیات کی برآمدات پر سختیاں عائد کی ہیں جبکہ امریکہ نے چینی مصنوعات پر مزید محصولات لگانے کی دھمکی دی ہے۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply