
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 15 دن کی مزید توسیع کر دی ہے۔ اب ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی نئی ڈیڈ لائن 31 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ تاجروں، صنعت کاروں اور دیگر حلقوں کی جانب سے ملنے والی درخواستوں کے بعد کیا گیا۔ ایف بی آر کی جانب سے اس توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق، اب تک 51 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے فائل کیے ہیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران فائل کیے گئے ریٹرنز (46 لاکھ) سے زیادہ ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر تھی، جسے پہلے مرحلے میں 15 اکتوبر تک بڑھایا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر توسیع کے بعد نیا مقررہ وقت 31 اکتوبر 2025 ہو گیا ہے۔
ایف بی آر نے تمام ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کے اندر اندر اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کروا دیں تاکہ کسی قسم کی جرمانے یا قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔








