خیبر پختونخوا میں وزارت اعلیٰ کی دوڑ، اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ امیدوار لانے پر غور

0
135
خیبر پختونخوا میں وزارت اعلیٰ کی دوڑ، اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ امیدوار لانے پر غور

پشاور: خیبر پختونخوا میں وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے پر مشاورت جاری ہے، تاہم کسی ایک نام پر حتمی اتفاق تاحال نہیں ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے اکرم خان درانی یا مولانا لطف الرحمان کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ڈاکٹر عباداللہ کو اپنا مضبوط امیدوار قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے امیدوار میدان میں لائیں گی، اور ایک متفقہ امیدوار کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے۔

دوسری جانب صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے امیدوار باقاعدہ طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے اور کوشش ہے کہ وزارت اعلیٰ کے لیے ایک متفقہ امیدوار سامنے لایا جائے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جب کہ پارٹی قیادت نے سہیل آفریدی کو نیا امیدوار نامزد کیا ہے۔

Leave a reply