بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا ایرانی دعویٰ، منامہ میں دھماکوں کی آوازیں

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں امریکی فوجی تنصیب کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق حملے میں چھ ڈرون استعمال کیے گئے، جن کا ہدف امریکی فضائی دفاعی ریڈار تھا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی فضائی فورس نے اتوار 15 نومبر 2026 کی صبح بحرین کے علاقے الرفاع میں واقع ہیلی کاپٹر فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب بحرین کے دارالحکومت منامہ اور اس کے نواحی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ان واقعات کے بعد بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے دو ہنگامی انتباہات جاری کیے اور انہیں پرسکون رہنے کے ساتھ قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق دھماکوں کی آوازیں منامہ کے گردونواح میں بھی محسوس کی گئیں۔
تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں امریکی فوجی اڈے یا وہاں نصب ریڈار نظام کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
تاحال حملے کے اثرات اور امریکی فوجی تنصیبات کو ہونے والے نقصان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔









