ٹرمپ کا غزہ جنگ بندی منصوبہ، اسرائیل کی حمایت، عرب ممالک کی تائید

0
92
ٹرمپ کا غزہ جنگ بندی منصوبہ، اسرائیل کی حمایت، عرب ممالک کی تائید

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران غزہ جنگ بندی سے متعلق مجوزہ امن منصوبے کا اعلان کر دیا۔

ٹرمپ نے اسے مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب “تاریخی قدم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق جنگ بندی کے اس منصوبے کو متعدد عرب اور مسلم ممالک کی حمایت حاصل ہے، جن میں ترکی اور انڈونیشیا کے صدور کے ساتھ ساتھ پاکستان کے وزیراعظم اور ایک “فیلڈ مارشل” بھی شامل ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے ان کے امن منصوبے کو تسلیم کر لیا ہے اور اس سلسلے میں ایران سے متعلق بھی باہمی مفاہمت طے پا چکی ہے۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ حماس بھی اس منصوبے کا مثبت جواب دے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر حماس نے اس تجویز کو مسترد کیا تو امریکہ اسرائیل کی مکمل حمایت کرے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ مجوزہ امن منصوبے کے تحت فلسطین میں ایک نئی حکومت قائم کی جائے گی، جس میں فلسطینی نمائندوں کے ساتھ بین الاقوامی ماہرین بھی شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے ایک جامع وژن کا ابتدائی مرحلہ ہے۔

پریس کانفرنس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے منصوبے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجویز اسرائیل کی سلامتی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہے اور غزہ کو مستقبل میں اسرائیل کے لیے خطرہ بننے سے روکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حماس نے اس منصوبے کو مسترد کیا تو اسرائیل خود اپنے اقدامات مکمل کرے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا گیا، اور دیگر شراکت داروں کے نام آئندہ دنوں میں منظرِ عام پر لانے کا عندیہ دیا گیا۔

Leave a reply