میگا ایونٹ 2026: ٹی 20 ورلڈ کپ فروری میں شروع ہوگا

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ممکنہ تاریخوں اور میزبانی سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ متوقع طور پر یہ میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک منعقد کیا جائیگا، جس میں بھارت اور سری لنکا مشترکہ میزبان ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، ایونٹ میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ بھارت میں کم از کم پانچ جبکہ سری لنکا میں دو وینیوز پر میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل احمد آباد یا کولمبو میں منعقد ہونے کا امکان ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ پاکستان ٹیم کی پوزیشن کے مطابق کیا جائے گا، کیونکہ پاکستان کے میچز صرف سری لنکا میں رکھے جائیں گے۔
اب تک 15 ٹیموں کی شرکت کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں بھارت، سری لنکا، پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، امریکہ، آئرلینڈ، کینیڈا، نیدرلینڈز اور اٹلی شامل ہیں۔ باقی 5 ٹیمیں ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے ایونٹ میں جگہ بنائیں گی جن میں افریقی اور ایشیا پیسیفک ریجن کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ورلڈ کپ کا فارمیٹ 2024 کے فارمیٹ کی طرز پر ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر ایٹ کے بعد سیمی فائنلز اور پھر فائنل کا انعقاد ہوگا۔
فی الحال آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے حتمی شیڈول پر کام جاری ہے، اور جلد ہی تمام تفصیلات باقاعدہ طور پر جاری کی جائیں گی۔









