فیکٹری میں آگ لگنے سے عمارت زمین بوس، آٹھ فائر فائٹرز زخمی

0
128
فیکٹری میں آگ لگنے سے عمارت زمین بوس، آٹھ فائر فائٹرز زخمی

نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 8 اے میں واقع ایک گارمنٹ فیکٹری میں منگل کی صبح آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی۔

فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق آگ صبح تقریباً 7 بجے فیکٹری کی بیسمنٹ میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے وقت فیکٹری میں 200 سے 300 افراد موجود تھے جنہیں بروقت نکال لیا گیا۔

ریسکیو اداروں کی جانب سے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 فائر ٹینڈرز اور 26 سے زائد اہلکاروں کی مدد سے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ آس پاس کی عمارتوں کو بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر خالی کروا لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق کولنگ کے عمل کے دوران عمارت کی بنیاد کمزور ہونے کے باعث وہ گر گئی۔ ملبہ ہٹانے اور سرچ آپریشن کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی شخص ملبے تلے نہ ہو۔

اسپتال ذرائع کے مطابق آگ بجھانے کے دوران 8 فائر فائٹرز جھلس کر زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، جب کہ 4 کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر اور 2 کو گلشن اقبال کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملبہ اٹھانے اور متاثرہ مقام کو محفوظ بنانے کا عمل بھی زیرِ تکمیل ہے۔

Leave a reply