
ہاٹ لائن نیوز : پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ پورا پاکستان مجھے عزت اور پیار دے رہا ہے، میں جتنا بھی شکریہ ادا کروں کم ہے، آنے والے تمام گیمز کی بھرپور تیاری کروں گا اور پاکستان کا نام ہمیشہ بلندکروں گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ کراچی پہنچنے پر گورنر ہاؤس میں میرا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس پر سب کا شکریہ۔
ارشد ندیم نے کہا کہ میں نے کراچی میں بہت بڑا ہجوم دیکھا، اتنا پیار دیکھا، میرے پاس الفاظ نہیں کہ بیان کروں، کراچی کے تمام تاجروں نے میری حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ یہی وہ چیزیں ہیں جو کھلاڑیوں کو آگے لے جاتی ہیں، پورا پاکستان مجھے عزت، پیار دے رہا ہے، میں بہت خوش ہوں، جتنی محبت کل ملی۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یہ پیار، محبت اور سب کی دعائیں ملتی رہیں، آئندہ تمام گیمز کے لیے بھرپور تیاری کروں گا اور ہمیشہ پاکستان کا نام بلند کروں گا۔








