لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار سابق سپیکر و سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ، سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان پر سوموار کو ایک بار پھر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی نہ ہوسکی جبکہ محمد خان بھٹی کو پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگائی گئی دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کی عدم پیشی کے باعث سماعت 29جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا عدالت نے باور کرایا کہ یہ آخری موقع ہے آئندہ سماعت پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر علی بھٹی کیس پر سماعت کی۔
سوموار کو سماعت پر ایک بار پھر چوہدری پرویز الٰہی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے پرویز الہٰی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ چوہدری پرویز الہٰی بیمار ہیں وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ۔عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی پیش نہ کرنے پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کردی تھی۔ ۔اینٹی کرپشن حکام نے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر رکھا ہے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مقدمہ نمبر 09/23 درج کر رکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریری امتحان میں فیل ہونے والے ملزموں کو گریڈ 17 میں ملازمتیں دی گئیں،بھرتی ہونے والے ملازمین سمیع اللہ ٫ وقاص سرور ٫ دانیال ستار خان٫ طاہر احمد مکی٫ محمد اعجاز ٫ محمد حیدر شفقت ٫ محمد امین، زیب الحسن٫ مختار احمد رانجھا اور محمد عاقف ملزمان میں شامل ہیں.









