
ہاٹ لائن نیوز: میٹھادر پولیس نے ایم اے جناح روڈ پر ڈینسو ہال کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا جب کہ مقابلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
میٹھادر پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا جب کہ مقابلے کے دوران پولیس اہلکار 28 سالہ رضوان بھی پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔
مقتول ڈاکوؤں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی شناخت عدنان اور محبوب کے نام سے ہوئی جن کے قبضے سے 2 پستول اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔









