ایل پی جی کی قیمتوں میں 200 روپے فی کلو تک کمی متوقع، پورٹ قاسم پر بڑی مقدار میں درآمد

0
29
ایل پی جی کی قیمتوں میں 200 روپے فی کلو تک کمی متوقع، پورٹ قاسم پر بڑی مقدار میں درآمد

کراچی: ملک میں سردیوں کے موسم سے قبل ایل پی جی کی طلب پوری کرنے اور مارکیٹ میں سپلائی بہتر بنانے کے لیے درآمدی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ گزشتہ چھ روز کے دوران پورٹ قاسم پر ایل پی جی لے کر آنے والے چھ بحری جہازوں سے مجموعی طور پر 55 ہزار 417 میٹرک ٹن گیس اتاری گئی ہے، جس کے بعد قیمتوں میں 150 سے 200 روپے فی کلو تک کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق 14 نومبر کو دو بحری جہاز ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچے۔ ان میں سے ایک جہاز کے ذریعے ایک ہزار 621 میٹرک ٹن جبکہ وکٹوریا کوسان نامی جہاز سے 4 ہزار 387 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی گئی۔

اسی طرح 16 نومبر کو پیسفک اسٹار نامی جہاز 12 ہزار 115 میٹرک ٹن گیس لے کر کراچی پہنچا۔ 17 نومبر کو بھی دو جہازوں، لیونارڈو کوسان اور الیسا ون، کے ذریعے بالترتیب 3 ہزار 877 اور 3 ہزار 551 میٹرک ٹن ایل پی جی پورٹ قاسم پر اتاری گئی۔

درآمدی سرگرمیوں کے سلسلے میں سی شائن نامی جہاز بھی 21 ہزار 866 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس وقت مختلف علاقوں میں ایل پی جی 480 سے 700 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدی گیس کی بڑی کھیپوں کی آمد سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہونے اور رسد و طلب کا فرق کم ہونے کی توقع ہے۔ اگر سپلائی میں بہتری برقرار رہی تو صارفین کو ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں ریلیف مل سکتا ہے۔

تاہم قیمتوں میں متوقع کمی کا حقیقی فائدہ صارفین تک پہنچنے کا انحصار مارکیٹ میں سپلائی، طلب اور فروخت کنندگان کے نرخوں پر ہوگا۔

Leave a reply