فوٹوشوٹ کے دوران گھوڑا دلہن سمیت فرار، دولہا کی دوڑیں لگ گئیں

**چین میں شادی کے فوٹوشوٹ کے دوران پیش آنے والے غیر معمولی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، صارفین نے دلہن کو ’رن اوے پرنسز‘ کا نام دے دیا۔**
چین میں شادی کی تصاویر بنوانے کے دوران ایک ایسا دلچسپ واقعہ پیش آیا جس نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔ فوٹوشوٹ کے لیے گھوڑے پر سوار ہونے والی دلہن اچانک گھوڑے کے بدکنے پر اس کے ساتھ ہی دور نکل گئی، جبکہ دولہا اور فوٹوگرافر اسے روکنے کے لیے پیچھے دوڑتے رہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبے ہینان کے شہر ژینگژو میں پیش آیا، جہاں ایک جوڑا اپنی شادی کی یادگار تصاویر بنوا رہا تھا۔
فوٹوشوٹ کے دوران دلہن زینگ پہلی مرتبہ گھوڑے پر سوار ہوئی تھی۔ اسی دوران اچانک گھوڑا بدک گیا اور تیزی سے دوڑنے لگا۔ دلہن نے گرنے سے بچنے کے لیے گھوڑے کو مضبوطی سے پکڑ لیا، جبکہ دولہا، فوٹوگرافر اور دیگر افراد اسے قابو کرنے کے لیے پیچھے بھاگنے لگے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھوڑے کے اچانک بدکنے کی ممکنہ وجہ قریب موجود ایک کتے کا بھونکنا تھا۔ واقعے کی ویڈیو نگرانی کے کیمرے میں محفوظ ہوگئی، جس میں گھوڑے کو دلہن سمیت تیزی سے دوڑتے اور دیگر افراد کو اس کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دلہن کے مطابق گھوڑے کے اچانک بھاگنے سے وہ شدید خوف زدہ ہوگئی تھی اور اسے خدشہ تھا کہ کہیں وہ گر کر زخمی نہ ہوجائے۔ اس لیے اس نے خود کو سنبھالنے کے لیے گھوڑے کو مضبوطی سے تھامے رکھا۔
دوسری جانب دولہا کے لیے بھی اس صورت حال میں گھوڑے کا پیچھا کرنا مشکل تھا، کیونکہ اس نے شادی کا روایتی لباس اور ایسے جوتے پہن رکھے تھے جو تیز دوڑنے کے لیے موزوں نہیں تھے۔
تاہم فوٹوگرافی اسٹوڈیو کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھوڑے کو روک لیا اور دلہن کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور کچھ دیر بعد شادی کا فوٹوشوٹ دوبارہ شروع کردیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد تیزی سے مقبول ہوگئی۔ صارفین نے دلہن کو دلچسپ انداز میں ’رن اوے پرنسز‘ کا لقب دے دیا، جبکہ ویڈیو کو کروڑوں مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
دلہن نے بعد ازاں بتایا کہ ابتدا میں یہ واقعہ اس کے لیے خوف ناک تھا، لیکن محفوظ رہنے کے بعد اسے یہ تجربہ دلچسپ محسوس ہونے لگا۔ اس نے مستقبل میں گھڑ سواری سیکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔









