صارفین کی نجی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی، میٹا پر 887 ملین ڈالر جرمانہ

0
0
صارفین کی نجی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی، میٹا پر 887 ملین ڈالر جرمانہ

اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن حکام نے صارفین کی اجازت اور مناسب آگاہی کے بغیر موبائل فونز کی گیلری تک رسائی کے معاملے پر فیس بک کی مالک کمپنی میٹا پر 887 ملین ڈالر کا بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

اطالوی حکام کے مطابق فیس بک کی اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے صارفین کے موبائل فونز میں محفوظ تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل کی جا رہی تھی، تاہم صارفین کو اس عمل کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی اس مقصد کے لیے واضح رضامندی حاصل کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے اٹلی میں تقریباً دو کروڑ میٹا صارفین متاثر ہوئے۔ فیس بک کا متعلقہ فیچر 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے ذریعے صارفین کی موبائل گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کو فیس بک پر شیئر کرنے کے لیے تجویز کیا جاتا تھا۔

ریگولیٹرز کے مطابق ایپ گیلری تک رسائی کے لیے عمومی اجازت طلب کرتی تھی، لیکن صارفین کو یہ واضح نہیں کیا جاتا تھا کہ اس اجازت کے نتیجے میں تصاویر اور ویڈیوز کی خودکار تجاویز دینے والا فیچر بھی فعال ہوسکتا ہے۔

اطالوی حکام نے میٹا کو 60 روز کے اندر اس فیچر کو ڈیفالٹ طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید یہ کہ اگر کوئی صارف اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہے تو اس سے الگ اور واضح اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

کمپنی کو صارفین کو یہ معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی کہ مذکورہ فیچر موبائل فون کی گیلری تک رسائی کیسے حاصل کرتا ہے اور اسے غیر فعال کرنے کا طریقہ کیا ہے۔

دوسری جانب اطالوی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ میٹا کی جانب سے 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کی بھی الگ سے جانچ کی جاسکتی ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین کی گیلری میں محفوظ تصاویر اور ویڈیوز کو ریموٹ سرورز پر پراسیس کیا جاسکتا ہے۔

یہ معاملہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ، شفافیت اور ڈیٹا تک رسائی کے لیے واضح اجازت کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔

Leave a reply