بلوچستان کی سرزمین سے سونا اور تانبا نکل آیا، چاغی میں بڑی دریافت!

0
30
بلوچستان کی سرزمین سے سونا اور تانبا نکل آیا، چاغی میں بڑی دریافت!

اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے قیمتی ذخائر کی دریافت سے پاکستان کے معدنی شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ماڑی انرجیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ اعلامیے میں بتایا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی ماڑی منرلز نے چاغی کے علاقے میں معدنیات کی تلاش کے دوران تانبے اور سونیکے ذخائر کی نشاندہی کی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس منصوبے کے تحت اب تک مجموعی طور پر 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ دریافت شدہ معدنی ذخائر تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں۔

ماڑی انرجیز کا کہنا ہے کہ معدنی ذخائر کی مقدار، گہرائی اور معیار کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے اضافی ایک ہزار میٹر ڈرلنگ بھی کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق تلاش کا عمل جاری ہے اور اس منصوبے سے متعلق مزید تفصیلی نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں۔

ان نتائج کی روشنی میں ذخائر کی معاشی افادیت اور منصوبے کے مستقبل کے مراحل کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی یہ پیش رفت پاکستان کے معدنی وسائل سے استفادے کے امکانات کو مزید اجاگر کرتی ہے۔

Leave a reply