
غذر: گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت سے تحصیل یاسین کے علاقے ہندور جانے والی مسافر گاڑی مورکہ گاؤں کے قریب بے قابو ہوکر دریائے یاسین میں جاگری۔ حادثہ رات تقریباً ساڑھے سات بجے پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رضاکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ رضاکاروں نے دریا سے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشوں کو سول اسپتال طاؤس منتقل کیا گیا جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سول اسپتال گوپس پہنچایا گیا۔
بعد ازاں دونوں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال گاہکوچ منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔









