زمین میں دفن 11 ماہ کا بچہ 24 گھنٹے بعد زندہ برآمد

اسلام آباد (ویب ڈیسک): امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک افسوسناک اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر زمین میں دفن کیے جانے والے 11 ماہ کے بچے کو تقریباً 24 گھنٹے بعد زندہ بچا لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ لیکسنگٹن کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں پولیس نے ایک 11 ماہ کے بچے کو لکڑی کے ایک کریٹ سے زندہ برآمد کیا۔ کریٹ کو زمین میں تقریباً ایک فٹ گہرائی میں دبایا گیا تھا اور اس کے گرد تولیے لپیٹے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کے بعد اس کی حالت تسلی بخش بتائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بچے کو تلاش کرنے والی ٹیم نے ایک گھر کے قریب درختوں کے درمیان تازہ کھودی گئی مٹی دیکھی۔ مشکوک مقام کی کھدائی کے دوران اندر سے بچے کے رونے کی آواز سنائی دی، جس کے بعد اسے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچے کا نام کوآ شارپی ہے اور اسے مبینہ طور پر اس کا 25 سالہ والد مائیکل کومر اپنی دادی کی نگرانی سے لے گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق بچے کے والد کو اس واقعے سے ایک رات قبل ڈکیتی اور گرفتاری میں مزاحمت کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے بچے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی۔
تفتیشی حکام نے پہلے ملزم کے والد کے گھر کی تلاشی لی اور مختلف مقامات کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی چیک کی، تاہم بچے کا سراغ نہ مل سکا۔ بعد ازاں سرچ ٹیم کو گھر کے قریب تازہ مٹی کے آثار دکھائی دیے، جہاں کھدائی کے دوران بچے کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
پولیس کا ابتدائی اندازہ ہے کہ بچہ تقریباً ایک دن تک زمین کے اندر موجود کریٹ میں رہا۔ حکام کے مطابق کریٹ کے گرد لپٹے تولیوں نے ممکنہ طور پر اندر ہوا کی کچھ مقدار برقرار رکھنے میں مدد دی۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور بچے کے والد کے خلاف اضافی قانونی کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔









