ایران میں خواتین کے لیے پہلا فوجی تربیتی مرکز قائم، جنگی اور دفاعی مہارتوں کی تربیت شروع

تہران: ایران نے ممکنہ غیر ملکی حملے اور زمینی کارروائی کے خدشات کے پیشِ نظر خواتین کے لیے ایک خصوصی فوجی تربیتی مرکز قائم کردیا ہے، جہاں رضاکار خواتین کو دفاعی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کے آزادی اسکوائر پر قائم اس مرکز کا انتظام پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے تحت کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام ایران کی قومی دفاعی مہم ’’جان فدا‘‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ممکنہ جنگی صورتِ حال کے لیے تیار کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تربیتی پروگرام میں خواتین کو شہری دفاع، جنگی حکمتِ عملی، ہنگامی رسد اور مشکل حالات میں اپنی حفاظت کے طریقے سکھائے جا رہے ہیں۔
پروگرام میں مختلف اقسام کے ہتھیاروں سے متعلق تربیت اور شہری علاقوں میں دفاعی مشقیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین رضاکاروں کو رسیوں کے ذریعے بلندی سے اترنے، دیواروں پر چڑھنے اور زپ لائن کے استعمال کی مشقیں بھی کرائی جا رہی ہیں۔
فوجی تربیت کے ساتھ ساتھ طبی امداد اور ریسکیو سرگرمیوں پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ شرکا کو ابتدائی طبی امداد، زخمیوں کی دیکھ بھال اور ہنگامی حالات میں امدادی سامان کی فراہمی سے متعلق تربیت دی جا رہی ہے۔
ایران میں لازمی فوجی سروس مردوں کے لیے مختص ہے، تاہم حکام کے مطابق ’’جان فدا‘‘ مہم کے تحت عام شہریوں کو رضاکارانہ طور پر دفاعی سرگرمیوں میں شامل ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
اس پروگرام کو ایران کی جانب سے ممکنہ بیرونی خطرات کے مقابلے کے لیے شہری سطح پر دفاعی تیاریوں کو وسعت دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔









