
اسلام آباد: حکومت نے مقامی سطح پر تیار ہونے والی ایل پی جی کی 90 فیصد پیداوار شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مارکیٹ میں گیس کی منصفانہ فراہمی اور قیمتوں کے نظام میں بہتری لانا ہے۔
اس سلسلے میں قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پیٹرولیم کی سربراہی میں ہوا، جس میں ایل پی جی کی فروخت اور تقسیم کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیلامی کے تحت ہر اہل کمپنی روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی خرید سکے گی، جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق مقامی پیداوار کا بقیہ 10 فیصد حصہ سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص ہوگا، تاکہ ملک کے دور دراز علاقوں میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جاسکے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی مسلسل دستیابی اور قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات کا حل حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کے مطابق نیلامی کا نیا طریقہ کار گیس کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین میں بہتری اور توانائی کے تحفظ کے لیے معاون ثابت ہوگا۔









