لاہور ہائیکورٹ کا بیٹیوں کے حق میں بڑا فیصلہ

0
22
لاہور ہائیکورٹ کا بیٹیوں کے حق میں بڑا فیصلہ

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے غیر شادی شدہ اور طلاق یافتہ بیٹیوں کو فیملی پنشن کے حق سے محروم کرنے سے متعلق حکومتی احکامات غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیے ہیں۔

جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے تین بیٹیوں کی جانب سے دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ خزانہ کی 30 مئی 2025 کی وضاحت کو اختیار سے تجاوز قرار دیا اور اسے منسوخ کر دیا۔

عدالت نے دسمبر 2024 اور اگست 2025 میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشنز کو بھی متعلقہ حد تک غیر مؤثر قرار دیا۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ قانون میں استعمال ہونے والی اصطلاح ’’فیملی‘‘ کا مفہوم صرف شوہر یا بیوی تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ ماتحت قواعد و ضوابط کو بنیادی قانون کی حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

عدالت نے مزید واضح کیا کہ پنشن حکومت کی جانب سے دیا جانے والا کوئی اختیاری فائدہ نہیں بلکہ قانون کے تحت حاصل ہونے والا حق ہے۔

فیصلے میں متعلقہ سرکاری محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست گزار خواتین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے اور قانون کے مطابق 60 روز کے اندر ان کے معاملات پر دوبارہ فیصلہ کیا جائے۔

Leave a reply