
گوجرانوالہ: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں حلقوں میں انتخابی عمل کو شفاف اور پُرامن بنانے کے لیے انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
این اے 77 گوجرانوالہ میں 11 امیدوار انتخابی مقابلے میں شریک ہیں۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 18 ہزار 620 ہے، جن کے لیے 333 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
ادھر پی پی 203 چیچہ وطنی میں 7 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 58 ہزار 122 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ووٹنگ کے لیے 185 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
چیچہ وطنی میں انتخابی سیکیورٹی کے لیے 1100 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ خواتین ووٹرز کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خواتین پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس نفری اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔
انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتِ حال برقرار رکھنے کے لیے دونوں حلقوں میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔
واضح رہے کہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جبکہ پی پی 203 کی نشست رکن صوبائی اسمبلی محمد حنیف جٹ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ان دونوں نشستوں پر اب ضمنی انتخابات کے ذریعے نئے نمائندوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔









