ایران کا امریکا پر طنز، جنگ اور انتخابات دونوں میں شکست کے بعد واشنگٹن پیغامات کس کے نام بھیجیں؟

ایران کے سینئر عہدیدار محسن رضائی نے امریکا کی موجودہ سیاسی اور عسکری صورتحال پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جنگ اور انتخابات، دونوں محاذوں پر ناکامی کا سامنا کر چکا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں محسن رضائی نے امریکی قیادت میں ممکنہ تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹھ سے متعلق دعوے کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس شکست تسلیم کر چکے ہیں، جبکہ مارکو روبیو اور پیٹ ہیگسیٹھ کے عہدوں سے متعلق بھی تبدیلیوں کی اطلاعات ہیں۔
محسن رضائی نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے کمانڈر پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب پوڈکاسٹر بن چکے ہیں۔
ایرانی رہنما نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب امریکا جنگ اور انتخابات دونوں ہار چکا ہے تو ایران اپنے پیغامات واشنگٹن میں کس کے نام بھیجے؟
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کی کوشش کی تو اسے سخت اور تباہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محسن رضائی کے اس بیان میں امریکی سیاسی قیادت اور عسکری حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم امریکی حکام سے متعلق ان کے دعووں اور انتخابی نتائج کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔








