
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے عملے کے نئے یونیفارم ڈیزائن کرنے کے لیے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین، جنہیں ایچ ایس وائے کے نام سے جانا جاتا ہے، کا انتخاب کرلیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق نئے یونیفارم میں جدید فیشن، پاکستانی ثقافت اور قومی ایئرلائن کی روایتی شناخت کو یکجا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے گزشتہ ماہ کراچی میں ملک کے نمایاں فیشن ڈیزائنرز کو ڈیزائن پیش کرنے کی دعوت دی گئی تھی، جس کے بعد معیار، جدت اور ثقافتی عکاسی کی بنیاد پر ایچ ایس وائے کے ڈیزائن کو منتخب کیا گیا۔
پی آئی اے کے نئے یونیفارم کی رونمائی 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی ایئرلائن کے نئے بوئنگ 787 طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر متوقع ہے۔ اس موقع پر عملہ نئے لباس میں مسافروں کا استقبال کرے گا۔
قومی ایئرلائن کی تاریخ میں یونیفارم ہمیشہ نمایاں اہمیت کا حامل رہا ہے۔ ماضی میں عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنرز پیئر کارڈن اور سر ہارڈی ایمیز بھی پی آئی اے کے عملے کے لباس کو منفرد انداز دے چکے ہیں، جبکہ پاکستانی ڈیزائنر نومی انصاری کے تیار کردہ یونیفارم بھی کئی برس تک استعمال ہوتے رہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق یونیفارم کی تبدیلی ایئرلائن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس میں طیاروں کی سہولیات، کیبن، نشستوں اور کھانے کے مینو میں بہتری بھی شامل ہے۔ نئے لباس سے عملے کی پیشہ ورانہ شناخت اور پاکستانی مہمان نوازی کو نمایاں کرنے کی توقع ہے۔









