امریکا میں انتخابی دفاتر کو مشکوک سفید پاؤڈر والے خطوط موصول، تحقیقات شروع

لوزیانا اور اوکلاہوما میں انتخابی دفاتر خالی کرا لیے گئے، ایف بی آئی اور امریکی ڈاک سروس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں
امریکا کی مختلف ریاستوں میں انتخابی دفاتر کو سفید پاؤڈر پر مشتمل مشکوک خطوط موصول ہونے کے بعد سیکیورٹی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے کے پیش نظر لوزیانا اور اوکلاہوما میں بعض انتخابی دفاتر خالی کرا لیے گئے، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
حکام کے مطابق مشکوک خطوط ملنےکےبعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے فوری طورپر کارروائی کی۔ ایف بی آئی اور امریکی ڈاک سروس کےانسپکٹرز خطوط کی نوعیت اورانہیں بھیجنے والوں کی شناخت معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔
اوہائیو کے سیکریٹری آف اسٹیٹ فرینک لاروز نے بھی مشکوک خط موصول ہونے کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق ڈاک سروس نے یہ خط انتخابی دفتر پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا تھا۔
ایف بی آئی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملک بھر میں مختلف سرکاری پتوں پر مشکوک خطوط بھیجے گئے، جن میں ریاستی سیکریٹریز آف اسٹیٹ اور انتخابی امور سے متعلق دفاتر بھی شامل ہیں۔ بعض خطوط میں نامعلوم مادہ پایا گیا، جس کے بعد متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
انتخابی حکام کی نمائندہ تنظیموں نے ان واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عملے کو اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے وقت تحفظ اور سلامتی کا احساس ہونا چاہیے۔
امریکا میں انتخابی حکام کو اس سے قبل بھی پاؤڈر پر مشتمل مشکوک پیکٹ موصول ہوتے رہے ہیں۔ ستمبر 2024 میں صدارتی انتخابات سے قبل کم از کم چھ ریاستوں میں اسی نوعیت کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
حکام کی جانب سے تازہ واقعات میں مشکوک مادے کی شناخت اور خطوط بھیجنے والے افراد کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔









